حیدرآباد۔ یکم؍ جنوری (اعتماد نیوز) بوئن پلی پولیس نے خاتون سے دست درازی کے الزام میں ملٹری کے جوان کو گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر نے بتایا کہ 10 ویں رجمنٹ سے وابستہ ملٹری کے جوان اوم پرکاش نے 25 سالہ خاتون باورچی کو فون پر بتایا کہ اس کی بیوی مائیکے گئی ہوئی ہے اور اسے کچھ لوگوں کے لئے کھانا تیار کروانا ہے۔ جوان نے خاتون کو بوئن پلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع ایک ہوٹل کے پاس طلب کیا۔ وہاں سے وہ دونوں بذریعہ موٹر سیکل فوجی جوان کے مکان جارہے تھے کہ راستہ میں جوان نے خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی۔ برہمی کے عالم میں خاتون چلتی گاڑی سے کود پڑی اور ان دونوں میں بحث ہوئی۔ بعد ازاں خاتون نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر اس کے خلاف شکایت کی۔ پولیس نے جوان کے خلاف دفعہ 509 کے تحت دست درازی کا مقدمہ درج کرلیا اور اسے آج گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔
شوہر کے شراب نوشی سے منع کرنے پر خود سوزی
حیدرآباد۔ یکم؍ جنوری (اعتماد نیوز) شوہر کی جانب سے شراب نوشی سے منع کرنے پر شرابی خاتون نے خودسوزی کرلی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 28 سالہ اوشا ساکن ردرا کالونی ‘ شمس آباد کو شراب کی عادت تھی ۔ شوہر اکثر بیوی کو شرابی نوشی سے منع کرتا تھا ۔ 30؍ڈسمبر کو اسی مسئلہ پر دونوں کا جھگڑا ہوا جس کے بعد خاتون نے کیروسین چھڑک کر آگ لگالی ۔ اسے علاج کیلئے عثمانیہ ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکی ۔ آر جی آئی پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔
دو لاریوں کے درمیان دب کر جموں وکشمیر کا ڈرائیور ہلاک
حیدرآباد۔ یکم؍ جنوری (اعتماد نیوز) شہر میں دو لاریوں کے درمیان دب کر جموں وکشمیر کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا ۔ ونستھلی پورم پولیس کے مطابق 45 سالہ پنجو رام کا تعلق جموں وکشمیر سے تھا وہ کل رات لوڈ لے کر شہر پہنچا ۔ رات دیر گئے ڈرائیور دوسری لاری کو سائیڈ بتارہا تھا کہ اس
دوران عقبی سمت سے آنے والی ریتی کی لاری نے اسے ٹکر دے دی جب کہ وہ جس لاری کو سائیڈ بتارہا تھا ‘ ڈرائیور نے وہ لاری بھی پیچھے لی جس کے نتیجہ میں رام دو لاریوں کے درمیان میں دب کر ہلاک ہوگیا ۔
لا پتہ کم عمر لڑکے کی نعش کنویں سے دستیاب
حیدرآباد۔ یکم؍ جنوری (اعتمادنیوز) پر اسرار طور پر لاپتہ کم عمر لڑکے کے نعش کنویں سے دستیاب ہوئی ۔ سرور نگر پولیس کے مطابق 17 سالہ متیم چاری ساکن چمپاپیٹ 24؍ ڈسمبر سے لاپتہ تھا آج اس کی نعش مکان کے قریب کنویں سے دستیاب ہوئی ۔ شبہ کیا جاتا ہے کہ لڑکا اتفاقی طور پر کنویں میں گر کر ہلاک ہوگیا ۔
سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک
حیدرآباد۔ یکم؍ جنوری (اعتمادنیوز) مختلف سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ گولکنڈہ پولیس کے مطابق 35 سالہ انجیا ساکن ایر پورٹ کالونی ‘ شمس آباد ٹولی چوکی کے قریب سڑک عبور کرنے کے دوران کار کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا ۔ ایل بی نگر پولیس کے بموجب 24 سالہ ویشوی متوطن نلگنڈہ 29 ؍ ڈسمبر کو اپنے دوست کے ساتھ موٹر سیکل پر جانے کے دوران کار کی ٹکر سے زخمی ہوگیا تھا دوران علاج جانبر نہ ہوسکا ۔ حیات نگر پولیس نے بتایا کہ 33 سالہ کونڈل ریڈی ساکن پدا عنبرپیٹ کل رات لاری کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا ۔
وقارآباد کے نوجوان کی مشتبہ حالت میں موت
وقارآباد۔ یکم؍ جنوری (اعتمادنیوز) ضلع رنگا ریڈی کے وقارآباد میں آج ایک نوجوان کی مشتبہ حالت موت واقع ہوگئی ۔ بتایا گیا ہے کہ 28 سالہ محمد خواجہ پاشاہ ساکن وقارآباد کی نعش آج منے گوڑہ کے قریب سڑک کے بازو مشتبہ حالت میں خون میں لت پت دستیاب ہوئی ۔ قریب ہی ان کی گاڑی بھی پائی گئی ۔ پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کی غرض سے وقارآباد کے ہاسپٹل منتقل کردیا اور اس واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے ۔ پولیس نے فوری طور پر موت کی وجوہات بتانے سے انکار کردیا ۔